• news

بھارت: 5 برس کے دوران صحافیوں پر 198 حملے، 40 ہلاک ہوئے: رپورٹ

نئی دہلی(صباح نیوز) بھارت میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے پچھلی5 برسوں کے دوران 40صحافیوں کو اپنی جان گنوانا پڑی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جمہوریت کا چوتھا ستون کہلانے والے صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد پر2014 ء سے 2019 ء کے درمیان 198 سنگین حملے ہوئے۔ صرف رواں سال میں ان حملوں کی تعداد 36 رہی جبکہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری مظاہروں کی رپورٹنگ کے دوران صحافیوں پر اب تک 6 حملے ہوچکے ہیں۔ صحافی گیتا سیشو اور اروشی سرکار نے گیٹنگ اوے ود مرڈر کے عنوان سے پچھلے 5 برسوں کے دوران صحافیوں پر ہونے والے حملوں کے بارے میں ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں کئی چونکانے والے حقائق سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں خواتین صحافیوں پر ہونے والے حملوں کا بھی ذکر ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا کہ خواتین صحافیوں کو آن لائن ذہنی اذیت دی جاتی ہے اور فیلڈ میں کام کے دوران انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز ودآٹ بارڈرز نے کہا کہ بھارت میں صحافیوں کی حالت بہت اچھی نہیں ہے۔ دنیا میں پریس کی آزادی کے انڈکس میں 2019 میں بھارت 180ملکوں میں 140ویں نمبر پر تھا۔

ای پیپر-دی نیشن