برطانوی ادارہ نے پاکستان کو سیاحت کیلئے تیزی سے ابھرتے تیسرے ملک کا درجہ دیدیا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں آنے والے سالوں میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں کافی اضافہ متوقع ہے، سیاحت سے متعلق برطانوی ادارے برٹش بیک پیکرز سوسائٹی (بی بی ایس) نے بھی پاکستان کو آئندہ عشرے میں تیزی سے ابھرنے والے ملک کا درجہ دیا ہے۔ اسی طرح امریکی ٹریول میگزین کونڈی ناسٹ نے بھی پاکستان کو2020کے لئے سب سے زیادہ دلچسپ سیاحتی مقامات میں سرفہرست رکھا ہے۔ برٹش بیک پیکرز سوسائٹی (بی بی ایس)کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بی بی ایس نے پاکستان کو 2020 کے لئے دنیائے ایڈونچرز کے لئے بہترین صلاحیت کا حامل تیسرا ملک قرار دیا، بی بی ایس دنیا بھر کے ایڈونچر ٹریول ماہرین کی ووٹوں کی گنتی کے بعد، برطانوی بیک پیکرز سوسائٹی نے پاکستان کو درجہ بندی میں تیسرا مقام ملنے کے اعلان پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔