• news

شدید سردی: پنجاب، خیبر پی کے میں کوئی شخص جائے پناہ سے محروم نہ رہے: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبر پی کے کے وزرائے اعلیٰ کو ہدایات کی ہیں کہ سردی کی شدت کے پیش نظر کوئی بھی شخص جائے پناہ سے محروم نہ رہے اور دونوں حکومتیں پہلے سے موجود پناہ گاہوں میں جگہ نہ پانے والے اضافی افراد کیلئے خوراک اور عارضی پناہ گاہوں کا فوری بندوبست یقینی بنائیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبر پی کے کی حکومتوں کو یہ ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شدید سرد موسم میں کوئی بھی شخص پناہ گاہ سے محروم نہ رہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پی کے کے مختلف شہروں میں پناہ گاہوں کا قیام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے ابتدائی منصوبوں میں سے ایک تھا۔ پنجاب حکومت پہلے ہی لاہور میں ریلوے سٹیشن، ٹھوکر نیاز بیگ، بادامی باغ، داتا دربار اور لاری اڈا کے مقامات پر5 پناہ گاہیں قائم کر چکی ہے جبکہ دو مزید پناہ گاہوں کا قیام پائپ لائن میں ہے۔ پنجاب حکومت نے ضرورتمند اور بے گھر افراد کو شیلٹر ہومز کی فراہمی کے پیش نظر 36 اضلاع میں پناہ گاہوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح کے پی کی حکومت بھی مختلف شہروں میں بے گھر افراد کو سائبان اور خوراک فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں تین پناہ گاہیں قائم کر رکھی ہیں جہاں بے سہارا اور بے گھر افراد کو قیام و طعام کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان ناقابل یقین حد تک خوبصورت سرزمین ہے جہاں پوشیدہ قدرتی عجائبات کی بھرمار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سیاحت کی وسعت کا دائرہ کار اب تک دریافت نہیں ہو سکا۔

ای پیپر-دی نیشن