رواں سال سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس نہ ہونے پر افسر ترقیوں سے محروم ہو جائینگے
اسلام آباد(مسعودماجدسید؍خبر نگار)رواں سال سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس نہ ہونے کے باعث بہت بڑی تعداد میں گریڈ انیس اور بیس کے افسران ترقیوں سے محروم ہوجائیں گے۔مختلف سروسز گروپوں سے تعلق رکھنے والے گریڈانیس اور بیس کے افسران کو پروموشن پالیسی کے تحت سال میں دو بار سنٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس منعقد کرنے کے بعد انھیں اگلے گریڈ مین ترقی دی جاتی ہے لیکن اس بورڈ کا رواں سال دوسرا اجلاس منعقد نہ ہو سکا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پروموشن پالیسی کے تحت ایک سال میں سنٹرل سلیکشن بورڈ کے 2 اجلاس ہونے چاہئیں۔رواں برس سنٹرل سلیکشن بورڈ کے صرف ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ 26 دسمبر کو سی ایس بی اجلاس انعقاد کی تجویز پر بھی عمل نہ ہو سکا۔26 دسمبر کے سی ایس بی میں گریڈ 19 اور 20 کے افسروں کی اگلے گریڈ میں ترقی دی جانی تھی۔اب سی ایس بورڈ جنوری کے وسط سے قبل طلب کرنا ممکن نہیں۔ترقی کے منتظر گریڈ 19 اور 20 کے افسران میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے، کیو نکہ ان میں سے بیشتر افسران کی ریٹائرمینٹ بھی قریب ہے۔ترقی کے منتظر افسران کی ابتدائی فہرستیں مرتب کرلی گئی ہیں۔ اگلے سال ہونے والے اس بورڈ کے اجلاس کی صدارت چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن حسیب اطہر کریں گے۔اجلاس میںچاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، آئی جیز، متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز شریک ہوں گے۔اگلے سال متوقع سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس 4 روز جاری رہے گا۔سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کی سفارشات کی وزیراعظم حتمی منظوری دیں گے۔