بنگلادیش: جمادینے والی سردی نے50 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردئیے
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں جمادینے والی سردی نے 50 جانوں کی زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے۔ شمالی سرحدی علاقے میں رواں سال کا سب سے کم درجہ حرارت 4.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے تحت نومبر اور دسمبر میں قاتل سردی اور خراب موسم میں 50 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے 17 افراد نظام تنفس میں انفیکشن (نمونیا وغیرہ) کے باعث جبکہ 33 ڈائیریا کے مرض میں ہلاک ہوئے۔محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی وجہ سردی سے بچاو کیلیے مناسب اقدامات کا نہ ہونا تھا۔ بچے اور ضعیف افراد نمونیا کا شکار ہو کر لقمہ اجل بنے۔ غربت اور لاعلمی کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔واضح رہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث برپا ہونے والے موسمی تغیرات نے ہلاکت خیزی اختیار کرلی ہے۔ بے موسم کی بارشوں اور گلشیئرز پگھلنے کے عمل نے فطرت کی جانب سے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔