سیالکوٹ: 6 مسلح موٹر سائیکل سوار افراد پولیس حراست سے 3 ملزم چھڑا کر لے گئے
سیالکوٹ(نامہ نگار)خواجہ صفدر روڈ پر موٹر سائیکل سوار چھ مسلح افراد پولیس حراست سے 3 خطرناک ملزمان کو چھڑا کر لے گئے۔ اتوار کے روز تھانہ مراد پور پولیس تین خطرناک ملزمان عمران کاشف عرف ٹیپو، سفیان عرف ارسلان پسران فیض رسول سکنہ پرنس روڈ گرجاکھ گوجرانوالہ اور تعظیم ولد حسن ساکن گھوئینکی سیالکوٹ کو لے کر علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت سے ریمانڈ لے کر واپس تھانہ جا رہے تھے کہ خواجہ صفدر روڈ پر بریگیڈیئر کالونی کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار چھ ملزمان نے پولیس وین پر فائرنگ کی جس سے گاڑی کی ٹائر برسٹ ہوگئے تو ملزمان نے پولیس حراست سے اپنے ساتھیوںکو چھڑایا اور پولیس اہلکاروں سے سرکاری ایس ایم جی گن چھین کر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے ناکہ بابندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل تھانہ مراد پور پولیس ان ملزمان کو آزاد کشمیر کے علاقہ سے گرفتار کرکے لائی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملزمان نے اڑھائی سال قبل تھانہ مراد پور کے علاقہ گوہد پور میں دوران ڈکیتی فائرنگ کرنے دو سگے بھائیوں کو قتل کیا تھا اور بعد ازاں مقدمہ درج کروانے پر ان کے والد اور ایک بچی کو قتل کیا تھا۔