2019: سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ شکایات موصول، 14 لاکھ سے زائد کا ازالہ: وزیراعظم کو رپورٹ ارسال
لاہور(این این آئی)سال 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل پر 16لاکھ سے شکایات موصول ہوئیں۔ پاکستان سٹیزن پورٹل کی سال 2019 کی رپورٹ وزیراعظم کو بھجوا دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے 15لاکھ سے زائدجبکہ بیرون ملک سے 93ہزار شکایات موصول ہوئیں۔پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر 40 فیصد لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعظم عمران خان کو بھیجوائی گئی پاکستان سٹیزن پورٹل کی سال 2019 کی رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سٹیزن پورٹل نے چودہ لاکھ ساٹھ ہزار شکایات کاازالہ کیا۔پنجاب سے 7لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں،خیبر پختونخواہ سے ایک لاکھ پچانوے ہزار،سندھ سے ایک لاکھ چھتیس ہزار ،بلوچستان سے پندرہ ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ پاکستان سٹیزن پورٹل کی رپورٹ میں سب سے زیادہ شکایات میونسپل، توانائی اور تعلیم کے شعبے سے متعلق موصول ہوئیں۔