وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا 8نکاتی ایجنڈا جاری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا‘ اجلاس کا آٹھ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔کابینہ کو معاشی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ اجلاس میں نئے نیب آرڈیننس سے متعلق بھی گفتگو ہوگی۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، جبکہ کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کی توثیق، اور نیشنل کالج فار آرٹ انسٹیٹیوٹ کے ڈرافٹ بل کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ اسٹیٹ بینک کی سالانہ پبلیکیشن جاری کرنے کی منظوری کے علاوہ نارویجن شہری محمد اویس کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے گی۔ سہیل احمد نامی شہری کو یوکے کے حوالے کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ وفاقی کابینہ سی ای او سمیڈا کی تقرری کی منظوری بھی دے گی۔