• news

الیکشن کمشنر اور ارکان کے تقرر کیلئے اجلاس کورم کی کمی کے باعث نہ ہو سکا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لئے قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث منعقد نہ ہو سکا، لہذا چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ عدالتی مہلت بھی ختم ہوگئی ایک بار پھر حکومت کو عدلیہ سے رجوع کرنا پڑے گا۔ کورم کے لئے دو تہائی ارکان درکار ہیں۔ صرف پانچ ارکان ہی قومی اسمبلی کے سپیکر کے چیمبر پہنچ سکے۔ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پیرکو طلب کیا گیا تھا۔ چیئرپرسن ڈاکٹر شیریں مزاری، پرویز خٹک ، راجا پرویز اشرف، شاہدہ اختر علی پہنچ سکیں ۔ سپیکر چیمبر میں دیگر ارکان کا انتظارکیا جاتا رہا مگر وہ نہ آئے۔ جب اجلاس منعقد نہ ہونے کے بارے میں چیئرپرسن ڈاکٹر شیریں مزاری سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بعض ارکان دھند کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے ہیں۔ اب اجلاس دوبارہ طلب کیا جائے گا حکومت اپوزیشن 2019 ء میں چیف الیکشن کمشنر اور سندھ بلوچستان کے لئے ارکان کی تقرری کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن