سوشل میڈیا پر گستاخانہ و توہین آمیز موا دپھیلانے والوں کیخلاف کا رروائی کی جائے‘، رحمان ملک
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے ایف آئی اے و پی ٹی اے کو فوری طور پر سوشل میڈیا سے گستاخانہ و توہین آمیز مواد ہٹانے اور گستاخانہ مواد پھیلانے والوں کیخلاف فوری کاروائی کا حکم دیا ہے۔ پیر کو ایف آئی اے و پی ٹی اے کو گستاخانہ مواد پھیلانے والوں کیخلاف کاروائیوں پر مفصل رپورٹ کمیٹی کو جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے و پی ٹی اے فوری طور پر انیلا احسان نامی ٹویٹر اکاونٹ کی تفتیش کرے ،اکانٹ کے ہینڈلرز کو معلوم کرکے انکے خلاف کیس رجسٹر کیا جائے، سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ٹیوٹر پر جو اکائونٹس حضور اکرم ؐکی شان اقدس میں گستاخی کر رہے ہیں انکے کیخلاف سخت کاروائی کیجائے، انہوں نے سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد کو ہٹانے اور اس کا راستہ روکنے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ توہین آمیز مواد پھیلانے پر ان شیطانی ذہنیت والے عناصر کو سخت ترین و کڑی سزا دی جائے گی۔ انہوںنے کہا توہین آمیز پیغامات کیوجہ سے مجھ سمیت ہر پاکستانی کی سخت دل آزاری ہوئی ہے۔کمیٹی کے آئند ہ اجلاس میں ایسے عناصر کیخلاف قانون اور سزا کو مزید سخت کرنے پر غور کیا جائے گا۔