نئے سال کا تحفہ: پٹرول 2.61، ڈیزل 2.25، مٹی کا تیل 3.10، روپے لیٹر مہنگا کرنیکی سفارش
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) نئے سال کے آغاز پر عوام کیلئے بری خبریں، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے ساتھ ساتھ ایل پی جی کی قیمتوںمیں اضافہ کی تیاریاں کر لیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے سمری وزارت پٹرولیم بھیج دی۔ پٹرول کی قیمت میں دو روپے پچیس اکسٹھ پیسے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے پچیس پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں3 روپے 10 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے آٹھ پیسے تک اضافے کی سمری ارسال کر دی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ کریگی جبکہ اس پر اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہوگا۔ نئے سال کے آغاز پر حکومت پٹرول بم گرا کر عوام کو نئے سال کا تحفہ دے گی۔ دوسری جانب نیا سال کی آمدکے ساتھ ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی تیاری مکمل کرلی گئی۔ اوگرا کی جانب سے جنوری 2020 کی سرکاری قیمت تقریبا 20روپے فی کلوگرام اضافہ کرنیکی حکمت عملی تیارہوگئی۔ گھریلو سلنڈر250 اور کمرشل سلنڈرکی قیمت900روپے بڑھائی جارہی ہے۔ عالمی مارکیٹ کی قیمت کے تناسب سے ایل پی جی کی مقامی قیمت بڑھائی جارہی ہیں۔ فی کلوگرام ایل پی جی قیمت 130 سے بڑھ 150 روپے ہو جائے گی۔ پاکستان کی قیمت میں یہ تاریخی اضافہ ہے۔ جنوری میں گھریلوسیلنڈر کی قیمت1760 اور کمرشل سلنڈر کی قیمت6810 روپے ہوگی۔ پاکستان میں ایل پی جی کی طلب بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔