رانا ثناء اللہ کی مریم نواز سے ملاقات‘ سیاسی صورتحال پر گفتگو
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ خان نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے جاتی عمرہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نواز شریف کی والدہ بھی موجود رہیں۔ مریم نواز نے رانا ثناء اللہ کو منشیات سمگلنگ کیس میں ضمانت پر رہائی پر مبارکباد دی۔ موجودہ ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ کے ساتھ ان کی اہلیہ نبیلہ ثنائ، بیٹی اور داماد شہریار سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ رانا ثناء اللہ نے مریم نواز سے نواز شریف کی صحت بارے دریافت بھی کیا۔ رانا ثناء نے کہا حراست کے دوران پارٹی اور شریف خاندان کی جانب سے مکمل تعاون و اخلاقی مدد پر شکر گزار ہوں۔ مریم نواز نے رانا ثناء اللہ خان کو ثابت قدم رہنے پر مبارکباد دی۔ مریم نواز نے کہا آپ نے جتنی جرات سے اپنے اوپر لگنے والے الزام اور مشکلات کا سامنا کیا ہے آپ اور کی فیملی کو سلام ہے۔