بلوچستان اور کراچی میں آٹا بھی مہنگا کر دیا گیا
کراچی ، کوئٹہ(صباح نیوز)کراچی اور بلوچستان میں سال نو کے آغاز پر پیٹرولیم مصنوعات ، بجلی اورگیس کے بعد آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد بلوچستان میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے اور کراچی میں 1400روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 80 روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ ماہ بھی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔اسی طرح کراچی میں چکی آٹا کے 10 کلو تھیلے کی قیمت میں بھی 50 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 700 روپے ہوگئی ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران کراچی میں چکی کے آٹے کی قیمت میں 2 بار اضافہ ہوا ہے۔حالیہ اضافے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر صدر بلوچستان فلور مل ایسوسی ایشن سید ظہور آغا نے کہا کہ سرکاری گوداموں سے گندم فراہم نہیں کی جارہی، جس کے سبب فلور مل مالکان مارکیٹ سے گندم مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ان کا کہناتھا کہ مہنگی گندم خرید کر سستا آٹا فروخت نہیں کرسکتے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ دنوں میں آٹا مزید مہنگا ہو جائے گا۔