• news

کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم منظور کر لی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل منظور کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہائوس میں ہوا جس میں کابینہ کے ارکان کے علاوہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں ون پوائنٹ ایجنڈا زیر غور لایا گیا اور اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بل کی منظوری دی گئی۔ ترمیم سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کی گئی ۔ وفاقی حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے آرمی ایکٹ میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کل قومی اسمبلی میں ترمیمی بل پیش کیا جائے گا۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع وزیراعظم کی صوابدید ہو گی۔ وزیر اعظم آرمی چیف کی مدت ملازمت میں تین سال تک توسیع کی ایڈوائس کر سکیں گے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے چیف آف آرمی سٹاف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل جمعہ 3جنوری کو پیش کیا جائے گا۔ نئے ترمیمی بل کے مطابق آرمی ایکٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں تین سال تک توسیع کی جا سکے گی۔ وزیر اعظم 3 سال مدت کی ایڈوائس کر سکیں گے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آرمی ایکٹ سیکشن 172میں ترمیم کی گئی ہے اور وفاقی کابینہ کی جانب سے آرمی ایکٹ کی ترمیم کی روشنی میں سروسز رول کی دفعہ 155میں بھی ترمیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔وفاقی کابینہ نے تینوں سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع کے طریقہ کار کی منظوری دی۔ اجلاس میں سروسز چیف کی مدت ملازمت میں تین سالہ توسیع کی تجویز کر دی گئی ہے۔ مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کسی بھی سروس چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائس کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دیں گے۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ سے آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور کرانے کے لئے تمام پارلیمانی جماعتوں کی قیادت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمان سے آرمی ایکٹ میں ترامیم کا بل اتفاق رائے سے منظور ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بدھ کو پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو باضابطہ طور آگاہ کیا گیا کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی آج(جمعرات) ان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گی اور ان کو آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل کو مسودہ پیش کرے گی پرویز خٹک قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف ، رانا تنویر حسین ، سردار ایاز صادق سے ملاقات کریں گے خواجہ آصف آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ فوری طور برطانیہ میں پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف کو بھجوا دیں گے جہاں سے منظوری کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بل کی حمایت کرے گی اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی ، جمعیت علما اسلام (ف) ، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں کو بھی آرمی ایکٹ میں ترمیم بارے میں اعتماد میں لیا جائے گا ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لے گی۔

ای پیپر-دی نیشن