• news

جسٹس مامون رشید نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا حلف اٹھالیا

لاہور (نیوز رپورٹر) جسٹس مامون رشید نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا حلف اٹھالیا ۔حلف برداری کی تقریب گورنرہائوس لاہور میں ہوئی جس میں گورنر چوہدری محمد سرور اوروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے عہدے کا حلف لیا۔لاہور ہائی کورٹ کے ججز، صوبائی وزرائ، اٹارنی جنرل پاکستان، چیف سیکرٹری پنجاب، وفاقی و صوبائی لا افسران نے بھی شرکت کی۔پاکستان بار کونسل و پنجاب بار کونسل کے ممبران، لاہور ہائی کورٹ اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور وکلا رہنما، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وز یر قانون راجہ بشارت سمیت دیگر وزرا ء بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ حلف اٹھانے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید شیخ لاہور ہائیکورٹ پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ججز اور عدالتی افسران کی جانب سے چیف جسٹس مامون رشید شیخ کو پھول پیش کیے گئے جبکہ اس موقع پر رجسٹرار عبدالستار بھی موجود تھے۔جسٹس مامون رشید شیخ 18 مارچ 2020 کو ریٹائر ہوجائیں گے۔جسٹس مامون رشید شیخ کے بعد جسٹس قاسم خان لاہور ہائیکورٹ میں سب سے سینئر جج ہوں گے اور وہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے پر ایک برس اور 4 ماہ کی مدت تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔ 5 جولائی 2021 کو قاسم خان کی ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد مکمل ہونے کے بعد جسٹس سید مظہر علی نقوی لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بن جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن