• news

جہانگیر ترین کا خالد مقبول کو فون، جلد ملاقات پر اتفاق، سندھ حکومت سے ملکر کام کرنے کو تیار: اسد عمر

اسلام آباد( نیٹ نیوز/ آن لائن) جہانگیر ترین نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔ جہانگیر ترین کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی آئندہ ہفتے جمہوری وطن پارٹی، مسلم لیگ ق اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے بھی ملاقاتیں کرے گی۔ ایم کیو ایم پاکستان کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش پر سیاسی ایوانوں میں ہلچل جاری ہے اور گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے حکومتی رابطہ کمیٹی کو متحدہ قیادت سے ملنے کی ہدایت کی تھی۔ بلاول کی پیشکش کے بعد وزیراعظم کی جانب سے حکومتی کمیٹی کو ایم کیو ایم سے ملنے کی ہدایت کی گئی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو وزیراعظم عمران خان کی حکومت گرانے میں ساتھ دینے کے بدلے سندھ میں وزارتیں دینے کی پیشکش کی تھی۔کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی کی خاطر جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں، سندھ میں دینے کو تیار ہیں، شرط یہ ہے کہ عمران خان کو گھر بھیجیں۔ دریں اثناء کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا نے کہا ہے کہ تمام تر شدید اختلافات کے باوجود کراچی اور سندھ کی بہتری اور مسائل کے حل کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہیں۔ پیپلزپارٹی کی سیاست ختم ہوچکی ہے اس لیے ہاتھ پاؤں مارنے کیلئے ایم کیو ایم کو صوبائی وزارتوں کی آفر دی۔ اسد عمر نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے تیزی آگئی ہے،جاری منصوبوں کے فنڈز مل چکے ہیں اور گرین لائن منصوبے کے لئے بھی وفاق نے فنڈز مہیا کردئیے ہیں ، وفاق نے بسوں کی ذمہ داری لے لی ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کے فور منصوبے پر مشکلات پیدا ہوئی تھیں، وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ کر کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے، کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے، پانی کی قلت ختم کرنے کیلئے کے فور اہم منصوبہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن