• news

بھارتی آرمی چیف کا بیان مسترد، جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے نئے بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے آزاد کشمیر کے اندر کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان خطے میں امن و سلامتی کی کوششیں جاری رکھے گا۔ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداداوں کے مطابق حق خود ارادیت کیلئے جائز مطالبہ کر رہے ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی مبصرین کو جانے کی اجازت دے۔ عالمی برادری کشمیر میں بھارتی جبر کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
ملتان (سماجی رپورٹر) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو نفسیاتی جنگ کا شکار کیا جا رہا ہے، دشمنوں کی سازش ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلایا جائے۔ ذہنی طور پر پاکستانی قوم کو شکست خودرہ بنانا اس جنگ کی سازش ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر جنگ میزائل اور بارود سے لڑی جائے۔وہ بدھ کو درگاہ حضرت شاہ رکن عالم کے 706 ویں سالانہ عرس میں پہلے روز کی نشست کی صدارت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لسانی تعصب پھیلا کر انتشار پھیلایا جا رہا ہے۔ ذہنی طور پر پاکستانی قوم کو شکست خودرہ بنانا اس جنگ کی سازش ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر جنگ میزائل اور بارود سے لڑی جائے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو اپنی بے کسی کا احساس ہو رہا ہے، ہمیں ہر خطہ میں یکجہتی کا پیغام دینا چاہیے ، اس سال ہمیں اپنے ملک کی قدر و قیمت کا احساس پہلے سے زیادہ ہوا ہو گا۔ ہندوستان کے مسلمانوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، بھارت مذہبی آزادی کا دعوی کرتا ہے جبکہ مسلمانوں سمیت وہاں بسنے والی دوسری اقلیتوں کو مذہبی آزادی نہیں ، پاکستان ہمارے لئے بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور دو قومی نظریے کا دفاع بے حد اہمیت اختیار کر چکا ہے، بھارت نے اپنے آئین میں دے گئے حقوق کو بھی روند دیا ہے ، بھارت میں ہندو سوچ پروان چڑھائی جا رہی ہے۔ شاہ محمود نے کہا ایل او سی پر فائرنگ اور عام شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ قوموں نے جنگیں افواج کی طاقت سے نہیں‘ مشترکہ نظریہ سے جیتیں‘ قوم منزل کا تعین کر لے تو کامیابیوں کی طرف بڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستانی ایک طاقتور قوم ہے۔ وقتی طورپر مالی مشکلات کا شکار ہیں مگر ہم ان پر بھی غلبہ پائیں گے۔ اتارچڑھائو قوموں کی زندگی کا حصہ ہے‘ لیکن ہم نے گھبرانا نہیں اور آگے بڑھتے جانا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن