سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاک کوریا فرینڈز شپ ایسوسی ایشن کیساتھ سپورٹس کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سیکرٹری یوتھ افئیرز، سپورٹس، آرکیالوجی و ٹورازم پنجاب احسان بھٹہ نے پنجاب سٹیڈیم میں اہم اجلاسوں کی صدارت کی جس میں یوتھ افیئرز، سپورٹس، ٹورازم اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاک کوریا فرینڈز شپ ایسوسی ایشن کیساتھ سپورٹس کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔سیکرٹری یوتھ افئیرز، سپورٹس، آرکیالوجی و ٹورازم پنجاب احسان بھٹہ کی زیرصدارت ہونے والے پہلے اجلاس میں ای روزگار، ای لائبریری، یوتھ سنٹر اور نوجوانوں کے امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ و دیگر افسران نے شرکت کی، دوسرے اجلاس میں پاک کوریا فرینڈز شپ ایسوسی ایشن کیساتھ سپورٹس کے فروغ کے لئے تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ برائے کھیل عمر فاروق نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی ترقی سے ملکی ترقی وابستہ ہے، پنجاب حکومت یوتھ کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے، نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار اور ان کے استعمال کیلئے بہترین مواقع فراہم کررہے ہیں۔