انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاری ‘قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی زیر نگرانی میں شروع ہو گیا۔ کیمپ کے پہلے روز ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں پر سخت محنت کی گئی ہے امید ہے کہ ٹورنامنٹ میں مایوس نہیں کرینگے۔ گذشتہ 25 دن سے بھرپور پریکٹس کی ہے۔ نسیم شاہ کو پاکستان سینئر ٹیم میں رکھنے مشورہ دیا تھا اسی وجہ سے ورلڈ کپ میں ان کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔ اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان انڈ19 ٹیم میں چار سے پانچ کھلاڑی ایسے ہیں کہ وہ مستقبل میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ طاہر حسین، شہزاد اور عامر خان پاکستان کرکٹ کامستقبل بن کر سامنے آئیں گے۔ شہزاد اور عباس دو اچھے آل راونڈرز ہیں اور امید ہے کہ آل راونڈر کی کمی کو پورا کریں گے۔ بھارت، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور افغانستان ایونٹ میں ٹف ٹائم دیں گی تاہم کھلاڑیوں کی ایسی تربیت دے رہے ہیں کہ انہیں کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ انڈر 19 اور ایمرجنگ کھلاڑیوں کا تین ماہ کا کیمپ لگایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی جیت کا کریڈٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو جائے گا جبکہ شکست کی ذمہ داری میں خود قبول کرونگا۔