• news

سرفراز، شاداب، حسن‘ فخر‘بابر‘شان کی نوک جھونک نے ماحول گرمادیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پی ایس ایل 5 سے قبل سرفراز احمد، شاداب خان، حسن علی، فخرزمان، بابراعظم اور شان مسعود کی سوشل میڈیا پر نوک جھونک نے ماحول گرما دیا۔ لاہور قلندرز کے فخرزمان نے کہا کہ وقت آنے والا ہے، میں تو تیار ہوں، کیا آپ تیار ہیں۔ پشاور زلمی کے حسن علی نے جواب دیا کہ فخربھائی آپ ذرا پیس کھیلنے کی پریکٹس کریں پھر آپ کو بتاتے ہیں میچ کہاں پر ہیں۔کراچی کنگز کے بابراعظم بھی پیچھے نہ رہے اور جواب دیا کہ حسن علی ہمارے گراؤنڈ میں آرہے ہو، کراؤڈ تو ہمارے ساتھ ہی ہوگا، تیار رہنا۔ آل راؤنڈر شاداب خان نے بابراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بوبی بھائی آپ جو مرضی کہہ لیں، آپ کو میں نے چھکا تو نہیں مارنے دینا، باقی اسلام آباد یونائیٹڈ کے لڑکے تیار ہیں، آپ بتا دیں کہ کب اور کدھر کھیلنا ہے۔شاداب خان کے بیان پر دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سرفراز احمد کا ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے شاداب خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شیڈی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی تیار ہے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وٹو بھائی اور عمر اکمل نئے بیٹ لے کر آ رہے ہیں، ذرا دھیان سے، پرپل فورس تیار ہے بھائی، جواب میں شاداب خان نے کہا کہ کہاں سے لارہے ہیں بیٹ۔شان مسعود نے بھی اپنی تیاری کے حوالے سے حریف کھلاڑیوں کو خبر دار کیا اور ایونٹ میں مقابلے کیلئے تیار رہنے کی وارننگ دیدی ۔

ای پیپر-دی نیشن