پی ایس ایل 2020ء کے شیڈول کا علان، پہلی بار تمام میچ پاکستان میں ہونگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا کاونٹ ڈاون شروع ہو گیا۔ میگا ایونٹ کے انعقاد میں پچاس روز باقی رہ گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس سلسلہ میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے پر پی ایس ایل فائیو کا کاونٹ ڈاون کلاک قذافی سٹیڈیم کے باہر آویزاں کر دیا گیا جس پر پچاس دن نمایاں کیا گیا ہے جبکہ بورڈ پر پی ایس ایل میں شامل کھلاڑیوں جن میں شعیب ملک، سرفراز احمد، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کے پوٹریٹ بنائے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 2020ء کے آفیشلز شیڈول کا بھی اعلان کیا گیا۔ 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے وا لے ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں شامل 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی سٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔ چونتیس میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی سٹیڈیم لاہور ، 9 نیشنل سٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور 2 راولپنڈی اور 1 ملتان میں کھیلے گی۔پشاور زلمی آئندہ ایڈیشن میں اپنے 5 میچز راولپنڈی،3 کراچی جبکہ 1،1 لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز اپنے 5 میچز کراچی، 2،2 لاہور اور راولپنڈی جبکہ ایک ملتان میں کھیلے گی۔ ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ 1،1 راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔ لاہور قلندرز اپنے 8 میچز لاہور جبکہ 1،1 کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔