پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں ہونا بڑی کامیابی ہے: احسان مانی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔ یہ لیگ پاکستان کی ہے اور اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہیے۔ احسان مانی نے کہا کہ گذشتہ ایڈیشن کے اختتام پر انہوں نے پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہورہا ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں 36 غیرملکی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے 425 غیرملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی تھی جس میں بنگلہ دیش کے 23، افغانستان کے 39، انگلینڈ کے 109، آسٹریلیا کے 12، جنوبی افریقہ کے 27، سری لنکا کے 39، نیوزی لینڈ کے 11، ویسٹ انڈیز کے 82، زمباوے کے9، امریکہ کے 6، متحدہ عرب امارات کے 9، سنگاپور کے 4، سکاٹ لینڈ کے 5، اومان کے 9، نیدرلینڈز کے 7نیپال کے 8، آئرلینڈ کے 6، کینیڈا کے 10، ہانگ کانگ کے 7 جبکہ برمودا، کینیا اور نمبیا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔ غیرملکی کھلاڑیوں کی اس تعداد میں رجسٹریشن کروانے سے دنیا بھر میں یہ مثبت پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔ اس ایونٹ کے انعقاد سے معیشت اور سیاحت کو فروغ ملے گا جو ملک کی مجموعی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا انعقاد ملک میں موجود کرکٹ کے مداحوں کو ایک طویل انتظار کے بعد اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔وہ پرامید ہیں کہ گذشتہ سال کی طرح رواں سال بھی ہر پاکستانی اس ایونٹ کے انعقاد کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گا اوراس دوران شائقینِ کرکٹ کی ایک بڑی تعداد سٹیڈیمز کا رخ کرے گی۔ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کھلاڑیوں، کمرشل پارٹنرز، میڈیا اورمداحوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وہ مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز کے تعاون کے مشکور ہیں جنہوں نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کو مکمل طور پر پاکستان لانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھرپور مدد کی۔