نئے سال میں پنجاب معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا، عوام کو واضح ریلیف محسوس ہو گا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے سال میں پنجاب ہی اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز اور محور ہوگا۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10سپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں۔ نئے سال میں عوام کو واضح ریلیف محسوس ہوگا۔ پنجاب کے ہر شہری کو بہترین ماحول اور سہولتیں دینا چاہتے ہیں۔ ہر شہر کی یکساں ترقی کے ویژن پر عملدرآمد یقینی بنائیںگے۔ عثمان بزدارسے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ فرداً فرداً ہر شخص کی نشست پر گئے ، ہاتھ ملایا اور ان کے مسائل سنے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرا تعلق اپنے عوام کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی فاش غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔ قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیاگیا۔ سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے اور حکمران اقتدار کے مزے لوٹتے رہے۔ عوام کے جائزکام میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دوں گا۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے مینٹینس اینڈ آپریشنل کنٹریکٹ کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹرین کے کرائے کے حوالے سے بھی تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا اورکرائے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کو عوام کیلئے جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ٹرین کے روٹ کے نیچے سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ عثمان بزدار نے موچی گیٹ میں گودام میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔