ایف اے ٹی ایف شرائط: فنانشل انٹیلی جنس یونٹ کو تمام ٹیکس گزاروں کے ریکارڈ تک رسائی مل گئی
اسلام آباد (عترت جعفری) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) اور ایشیا پیسیفک گروپ کا بیجنگ میں 20جنوری سے31جنوری کے دوران ہونے والے انٹرنیشنل کنٹری رسک گارنٹی کے جائزہ اجلاس ہو گا ، پاکستان بیجنگ میں 20جنوری سے31جنوری کے دوران ہونے والے انٹرنیشنل کنٹری رسک گارنٹی(آئی سی آر جی) کے جائزہ اجلاس میںحال ہی میں انکم ٹیکس، کسٹمز، منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دوسرے مالی اور مالیاتی قوانین میں متعارف کرائی جانے منظور شدہ ترمیمی ایکٹ کی کاپیاں پیش کرے گا، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط پر عمل درآمد کیلئے وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ اور ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کے فنانشل انٹیلیجنس یونٹ (ایف ایم یو) کو ملک کے تمام انفرادی، کمرشل اور صنعتی ٹیکس گزاروں کے ٹیکس ریکارڈ تک رسائی دیدی ہے اس طرح ملکی برآمدات کے ذریعے ہونے والی منی لانڈرنگ اور ملکی درآمدات کے موقع پر انڈر انوائسنگ کر کے کی جانے والی ٹیکس چوری کے کیسوں کو منی لانڈرنگ اور ٹیررازم رفنانسنگ کی روک تھام کی ضمن میں تحقیقات کے عمل سے گزارا جائے گا، اس ضمن میں ٹیکس لا(دوسرا ترمیمی) آرڈیننس 2019کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 216میں ترمیم کر دی گئی ہے، دریں اثناپاکستان کسٹمز کو ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اپنے دفاع میں براہ راست فائرنگ کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے، اس ضمن میںٹیکس لا(دوسرا ترمیمی) آرڈیننس 2019کے ذریعے کسٹمز ایکٹ1969میں ضروری ترامیم متعارف کروا دی گئی ہیں۔