• news

منی لانڈرنگ کیس: حمزہ شہباز کیخلاف جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت‘ ریمانڈ میں 14 روز توسیع

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نیب حکام کو جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ منی لانڈرنگ کیس کا ریفرنس کب دائر کیا جائے گا جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات جاری ہے۔ تحقیقات کے مکمل ہوتے ہی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ حمزہ شہباز نے کمرہ عدالت میں پیشی پر آئے اپنے کزن یوسف عباس سے بھی ملاقات کی۔ حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ احاطہ عدالت میں حمزہ شہباز کو گفتگو سے روکنے کے لئے پولیس نے میگا فون کا استعمال کیا تو وکیل نے سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار سے میگا فون چھین لیا۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ وکیل نے بتایا کہ نواز شریف کا بیرون ملک علاج جاری ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے کوئی رپورٹ آئے تو اسے عدالت میں جمع کرایا جائے۔ عدالت نے نیب حکام کو چودھری شوگر ملز کیس میں جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن