پاکستان میں او آئی سی اجلاس کا علم نہیں‘ شہریت ایکٹ پر مؤقف سے دنیا مطمئن: بھارت
نئی دہلی (این این آئی) بھارت نے کہا ہے کہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی پر وہ عالمی برادری کے موقف سے پوری طرح مطمئن ہے۔ اور اس کے سفارت کار مختلف ممالک پر بھارتی موقف واضح کرنے میں مصروف ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نیکئی امور پر بات کی لیکن زیادہ تر سوالات شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے بارے میں تھے۔ ان سے جب کشمیر کے معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم ( اوآئی سی) کی پاکستان میں ہونے والی ممکنہ میٹنگ کے بارے پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ اس طرح کی خبریں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔ فی الوقت ہمیں کسی ایسی او آئی سی میٹنگ کے بارے کچھ معلوم نہیں، جس میں بھارتی امور پر بات ہو۔ پاکستان کے بیانات میں بھی امکانات اور منصوبے جیسے الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔ او آئی سی کی میٹنگ ہر برس ہوتی ہے اس بار بھی ہوگی لیکن ہمیں اب تک اس بات کا قطعی کوئی علم نہیں ہے کہ اس میں بھارتی معاملات پر خاص توجہ دی جائے گی۔ این آر سی اور شہریت ترمیمی ایکٹ سے متعلق ملائیشیا نے جو بیانات دیے ہیں اس پر ملائیشیائی حکومت کو بھارتی تشویش سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور انہیں بہت واضح انداز میں بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں ملکوں کے دیرینہ رشتوں کی روح کے منافی ہے۔