آزاد کشمیر پر چڑھ دوڑنے کو تیار ،حکومتی حکم کا انتظار ہے: بھارتی آرمی چیف کی بڑھک
نئی دہلی(آئی این پی)بھارتی فوج کے نئے اعلیٰ کماندار جنرل منوج مکنڈ نروانے بھی اپنے پیش رو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان مخالف بڑھکیں مارنا شروع کر دیں، بھارت کے نئے آرمی چیف نے کہا ہے کہ حکومتی حکم کے فوری بعد آزاد کشمیر میں گھسنے کیلئے بھارتی آرمی ہر دم تیار ہے، بھارتی فوج کے پاس پاکستان کے کشمیر(آزاد کشمیر)میں آپریشن کے لیے کئی منصوبے ہیں، بھارتی فوج کامیابی سے اپنے مقاصد حاصل کر لے گی۔ بھارتی میڈیا کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں بھارتی فوج کی کمان سنبھالنے والے نئے آرمی چیف نے ایک بار پھر پاکستان کے آزاد کشمیر پر حملے کی بڑھکی ماردی۔ انٹرویو میں نئے آرمی چیف جنرل منوج مکنڈ نروانے نے کہا کہ بھارتی فوج کے پاس پاکستان کے کشمیر(آزاد کشمیر)میں آپریشن کے لیے کئی منصوبے ہیں اور ہم کسی بھی ٹاسک کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے کشمیر میں فوجی آپریشن کا حکم ملا تو اس کے مقاصد کو آسانی سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ہم نے جموں و کشمیر سمیت تمام سرحد پر فوج تعینات کردی ہے اور اگر ضرورت پیش آئی تو ہمارے پاس کئی منصوبے ہیں جن پر عملدرآمد کیا جاسکتا ہے اس لیے اگر ہمیں کوئی ٹاسک دیا جاتا ہے تو ہم اسے کامیابی سے پورا بھی کریں گے۔