مقبوضہ کشمیر: عوام پھر کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے، جگہ جگہ احتجاج
سرینگر+ جموں (نوائے وقت رپورٹ/ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور لاک ڈاؤن کو 152 روز ہو گئے۔ مقبوضہ وادی آج بھی سب سے بڑی انسانی جیل بنی ہوئی ہے۔ دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں نافذ اور مواصلاتی رابطے منقطع ہیں۔ سخت سردی میں کشمیری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد کشمیری عوام کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور جگہ جگہ احتجاج کیا۔ مظاہرین نے آزادی کے حق اور مودی کے خلاف نعرے لگائے۔ دوسری جانب جموں خطے کے ضلع راجوری میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں بھارتی فوج کے ایک لیفٹیننٹ سمیت چار فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔ بارودی سرنگ کا دھماکہ ضلع کے علاقے نوشہرہ میں ہوا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں تین بھارتی فوجی ہلاک جبکہ ایک لیفٹیننٹ شدید زخمی ہوا ہے۔