پاک بحریہ سی پیک، گوادر پورٹ کی سکیورٹی سمیت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے: نیول چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان بحریہ پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کی سکیورٹی سمیت سمندری حدود کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ بحریہ کے ترجمان کے مطابق انہوں نے پاک بحریہ کی فلیٹ کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی پریڈ اور تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کا انعقاد پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ا نے اس موقع پربطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈاکیارڈ آمد پرکمانڈر پاکستان فلیٹ ، وائس ایڈمرل آصف خالق نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نے پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا اور تفویض کردہ آپریشنل مقاصد اور کاموں کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال میں پاک بحریہ کے فلیٹ کی جانب سے کی جانے والی نگرانی کو سراہا۔ نیول چیف نے پاکستان کے خلاف کی جانے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے اور سمندر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔ نیول چیف نے کہا کہ کوسٹل کمانڈ مشکل جغرافیائی حالات کے باوجود ساحلی پٹی پر ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ امیرالبحر نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کی سکیورٹی کیلئے کوسٹل کمانڈ ہر لحاظ سے تیار ہے۔ نیول چیف نے سال 2019ء کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو انعامات سے نوازا۔