• news

ٹرمپ نے پاکستان کیلئے فوجی تربیت پروگرام بحالی کی توثیق کردی، عسکری تعاون مضبوط ہوگا: ایلس ویلز

واشنگٹن(نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز، آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے فوجی تربیت کے پروگرام کی بحالی کی توثیق کردی۔ امریکہ کی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پروگرام کی بحالی کا فیصلہ امریکہ کی قومی سلامتی کے پیش نظر کیاگیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون مزید مضبوط ہوگا، سلامتی سے متعلق دیگر معاون پروگراموں پر پابندی اب بھی برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کیلئے آئی ایم ای ٹی پروگرام بحالی کی توثیق کر دی ہے۔ یہ پروگرام گزشتہ ایک سال سے معطل تھا۔ ایلس ویلز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا یہ اقدام مشترکہ ترجیحات کے حصول کیلئے فوجی تعاون مستحکم کرنے کی غرض سے اٹھایا گیا ہے‘ تاہم مجموعی طورپر پاکستان کی سکیورٹی امداد کی معطلی برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا فیصلہ امریکہ کی قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا۔ فوجی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ یاد رہے امریکہ کی جانب سے گزشتہ ماہ اپنے فوجی تربیتی اور تعلیمی پروگرام میں پاکستان فوج کے افسران کی شمولیت کی بحالی کی منظوری دی گئی۔ دو سال قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام میں پاکستانی فوج کے افسران کی شمولیت پر پابندی عائد کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن