• news

پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن آرمی ایکٹ کی غیر مشروط منظوری کا فیصلہ کر چکی تھیں: بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب میں اسلام آباد پہنچا تو ن لیگ اور پی ٹی آئی آرمی ایکٹ کی غیرمشروط حمایت کرکے ایوانوں سے منظوری کا فیصلہ کرچکی تھیں۔ ایک بیان میں بلاول نے کہاکہ جب میں اسلام آباد پہنچا تو ن لیگ اور پی ٹی آئی آرمی ایکٹ کی غیرمشروط حمایت کرکے ایوانوں سے منظوری کا فیصلہ کرچکی تھیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی اور ن لیگ فیصلہ کرچکی تھیں کہ پارلیمانی قواعد و ضوابط کو نظرانداز کردیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی اور ن لیگ یہ بھی فیصلہ کرچکی تھیں کہ بل کو نہ تو تمام اراکین اسمبلی کو دیا جائے گا اور نہ ہی اسے کمیٹی کو دیکھنے کیلئے بھیجا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ میں خوش ہوں کہ تمام پارٹیاں بل کو واپس قومی اسمبلی کی کمیٹی میں بھیجنے پر متفق ہوئیں۔انہوںنے کہاکہ دونوں ایوانوں کے قواعد و ضوابط کی پاسداری کے ساتھ یہ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی نظرثانی کے لئے جائیگا۔ انہوںنے کہا یہ مثبت ہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ غیرفعال رکھی جانے والی پارلیمان قانون سازی کے لئے تیار ہے۔ پارلیمان سے اختیارات لینے والے تمام ادارے پارلیمانی بالادستی کو قبول کرکے ہم سے قانون سازی کا کہہ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ ان کے لئے اہم کامیابیاں ہیں جو پارلیمانی بالادستی اور جمہوریت کے لئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے ہیں۔پی پی پی چیئرمین نے سلمان تاثیر کو ان کی نویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتہا پسندی کے خطرات کے آگے اور کمزور طبقات کے حقوق و تحفظ کیلئے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے۔پیپلز پارٹی ملک میں رنگ، نسل یا عقیدے کی بنیاد پر کسی قانون کو غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ہم بڑی قربانیوں کے بعد ملنے والے حقوق پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں انتہاپسندی و مذہبی جنونیت کو ہمیشہ عوام کے حقوق غضب کرنے کے لیئے بطور آلہ استعمال کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ شہید بھٹو کی شروع کردہ وہ جدوجہد جاری رکھیں گے، جو قائداعظم کے 11 اگست 1947ء کے خطاب کی آئینہ دار ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ جدوجہد پاکستان کو مساوات، جمہوریت اور رواداری کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسی جدوجہد کے دوران ہم نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید سلمان تاثیر سمیت بیشمار ہیروز کی قربانیاں دیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم بڑی قربانیوں کے بعد ملنے والے حقوق پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بلاول نے کل شام سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس کراچی میں طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن