انڈر19ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرونگا: قاسم اکرم
لاہور(نمائندہ سپورٹس)آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 ء کیلئے اعلان کردہ 15 رکنی قومی سکواڈ میں شامل آل راؤنڈر قاسم اکرم کا تعلق لاہور سے ہے۔قاسم اکرم نے کہا کہ ایک روز کوٹ خواجہ سعید کلب کے کوچ نے بال پِکر کی حیثیت سے گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دی، جس سے کرکٹ کی محبت اور بڑھنے لگی۔ والد نے ڈانٹ ڈپٹ کی مگر بھائیوں کی مداخلت پرقاسم کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔ قاسم اکرم کے والد لنڈا بازار میں واقع دکان پر کام کرتے ہیں۔نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ ایک روز کلب کا میچ شیڈول تھا مگر شامل کھلاڑی کی عدم دستیابی کے باعث انہیں ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ اچھی باؤلنگ کی تو وہ فاسٹ باؤلر کی حیثیت سے کلب ٹیم کا مستقل رکن بن گئے۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کا بہترین بلے باز بننے کی خواہش رکھتے ہیں ۔ بابراعظم اور ویرات کوہلی پسندیدہ کرکٹر ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل ان کی کامیابی کی ضمانت ہے۔پاکستان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ 2020 ء کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی موجودگی بلے بازوں کیلئے بہت مفید ہے۔ بطور آلراؤنڈر وہ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں عمدہ کھیل پیش کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔