بہاولپور میں ٹڈی دل کا حملہ، فصلوں کو نقصان، تلفی مہم کا غذوں تک محدود
بہاولپور،ڈیرہ غازی خان، یزمان (بیورورپورٹ ،نمائندہ خصوصی،خبرنگار)بہاولپورمیں ٹڈی دل کا شدید حملہ گندم اورچارے کی فصل کوشدیدنقصان چولستان ترقیاتی ادارہ اورفیڈرل پلانٹ پروٹیکشن کے افسران کروڑروپے کابجٹ ڈکار گئے فوری اقدامات کیے جائیں ورنہ گندم کی فصل تباہ آئندہ سال قحط پیداہونے کاخدشہ تفصیل کے مطابق بہاولپورکی تحصیل احمدپورشرقیہ اورتحصیل یزمان، کڈوالا، ڈیرہ بکھا، عباس نگر، لودھراں، خیرپورٹامیوالی کے آبادی والے علاقوں اورخصوصا چولستان میں ٹڈی دل نے دوبارہ حملہ کردیاہے لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل کی موجودگی خطرے کی گھنٹی بن چکی ہے بتایاگیاہے کہ ٹڈی دل نے چندماہ قبل چولستان کے علاقہ میں چراگاہوں کونقصان پہنچایاتھااورکئی دن تک چولستان میں موجود بھی رہی تھی اوروہاں پراس نے انڈے بھی دیئے تھے لیکن پاکستان فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن اورچولستان ترقیاتی ادارہ کے افسران نے سپرے اورفیول میں مدمیں سرکاری خزانہ سے کروڑوں روپے نکلواکرہضم کرلیے اورٹڈی دل کی تلفی کاغذوں کی حدتک رکھاجس کی وجہ سے ٹڈی دل کی نئی جنریشن نے اب دوبارہ سراٹھالیاہے اورآبادی والے علاقوں کارخ کرلیاگندم اورچارے کی فصل کوشدیدنقصان پہنچایاجارہاہے ماہرین نے خدشہ ظاہرکیاہے کہ اگربروقت ٹڈی دل کاتدارک نہ کیاجاسکاتوگندم کی فصلات تباہ ہوجائیں گی اورآئندہ گندم کے قحط پڑنے کاخدشہ بھی پیداہوسکتاہے اس حوالے سے چیئرمین ایگری کلچر پروٹیکشن فورم پنجاب صاحبزادہ علی اکبرعباسی نے کہاہے کہ حکومت فوری اقدامات کرکے ٹڈل دل کے خاتمے کویقینی بنائیں تاکہ کاشتکار بھاری نقصان سے بچ سکیں۔نمائندہ خصوصی کے مطابق بہاولپورکے نواحی علاقہ عباس نگر میںٹڈل دل نے اچانک گندم کی فصل پرحملہ کردیااوردرجنوں ایکڑ رقبہ پرگندم کی فصل چٹ کرگئی عباس نگرکے لوگوں نے ڈھول اورٹین کے ڈبے پیٹ کرٹڈی دل کونکالا تاہم اس کے باوجود گندم اورگھاس کی درجنوں ایکڑ فصل ٹڈی دل چٹ کرگئی کسانوں نے حکومت سے دادرسی کی درخواست کی ہے اورانتظامیہ کے جھوٹے دعوئوں کی تحقیقات کامطالبہ کیاہے۔یزمان سے خبر نگارکے مطابق ٹڈی دل کے غولوں کو دیکھتے ہی منڈی یزمان کے دیہات کے لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور اپنے اپنے کھیتوں میں جا کر آتشی پٹاخے چلا کر, ڈھول کنستر پیٹ کر اور فائرنگ کرکے بھگانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا. ایک غول کو بھگایا جاتا تھا تو دوسرا پیچھے سے آ جا تا تھا. اس طرح یہ آنکھ مچولی شام تک جاری رہی لیکن اسکے باوجود ٹڈی دل نے گندم چارہ اور باغات وسبزیات کو نقصان پہنچایا. ٹڈی دل کے یہ حملے یزمان میں چالیس کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع چولستان میں گزشتہ ایک سال سے جاری ہیں محکمہ زراعت اپنی کوششوں سے کاغذات میں ٹڈی دل کا خاتمہ کرکے اپنے افسران سے شاباش بھی حاصل کر چکا ہے. اور ٹڈی دل کے اس غیر متوقع حملے نے نہ صرف محکمہ زراعت کی بھڑکوں کو بے نقاب کر دیا ہے بلکہ کاشتکاروں کا بھی کچومر نکال دیا ہے. کاشتکاروں نے وزیر اعلی پنجاب سے اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ڈیرہ غازیخان سے بیورو رپورٹ کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے حملہ سے بچائو کیلئے ضروری ہے کہ بڑے گروپس میں دھوپ نکلنے سے پہلے سپرے کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت زمینداروں کو ٹڈی دل کے حملہ سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کے بارے مسلسل آگاہی دے رہا ہے ۔