کے ڈی اے میں جعلی ٹینڈرز جاری کئے جانے کا انکشاف
کراچی(این این آئی) جعلی کاغذات اور دستخط کے ذریعے کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹینڈرز جاری کیے جانے لگے، سندھ کے وزیر بلدیات نے ملوث افسران کیخلاف کارروائی کیلئے محکمہ اینٹی کرپشن کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے)میں جعلی ٹینڈرز جاری کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ جعلی کاغذات بنا کر مختلف کمپنیوں کو ٹینڈرز جاری کیے جاتے تھے۔جعل سازی کا دھندا کرپٹ افسران کی ملی بھگت سے جاری تھا، اس سلسلے میں وزیربلدیات سندھ ناصر شاہ نے کرپٹ افسران کیخلاف کارروائی کیلئے محکمہ اینٹی کرپشن کو خط ارسال کردیا ہے۔وزیربلدیات نے نجی کمپنی کی شکایت پر چیئرمین اینٹی کرپشن کو خط لکھا، ذرائع نے مزیدبتایاکہ بعض افسران جعلی کاغذات جعلی دستخط اور مہریں لگا کر رقم کماتے تھے۔وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے اپنے خط کے متن میں کے ڈی اے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ افسران کیخلاف سخت کارروائی کی درخواست کی ہے۔