• news

ننکانہ واقعہ: حکومت زیروٹالرنس دکھائے گی، عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+صباح نیوز + آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب واقعہ میرے ویژن کے خلاف ہے۔ حکومت اس معاملے پر زیرو ٹالرنس دکھائے گی۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک اور ننکانہ صاحب واقعہ میں بہت فرق ہے۔ مسلمانوں کو ہدف بنا کر حملے کرنا آر ایس ایس ایجنڈے کا حصہ ہے۔ مودی اقلیتوں پر ظلم و ستم کی حمایت کرتا ہے۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ننکانہ صاحب واقعہ ان کے نظریئے کے خلاف ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ مودی حکومت آر ایس ایس نظریئے کے تحت مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ آر ایس ایس کے غنڈے مسلمانوںپر حملہ آور ہوکر سرعام قتل کر رہے ہیں۔ ان حملہ آوروں کو مودی حکومت اور بھارتی پولیس کی حمایت اور سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا یہ حکومت بشمول پولیس اور عدلیہ سب کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا بھارت میں ہجوم مسلمانوں کو یرغمال بنا لیتا ہے۔ مسلمانوں کو یرغمال بنانے کے واقعات کو مودی سرکار کی حمایت حاصل ہے۔ بھارتی پولیس بھی مسلمانوں پر تشدد میں ملوث ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت جاری کی ہے کہ ریگولیٹری ادارے لائسنسز‘ اجازت ناموں اور این او سیز اجراء کا عمل سادہ بنائیں اور کابینہ ڈویژن سے مربوط نظام اور ٹائم لائنز پر مبنی ایس او پیز بنائی جائیں۔ انہوں نے لائسنس اور این او سی کا طریق کار ویب سائٹ پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ ڈویژن طریق کار کا مسودہ 2 ہفتے میں وزیراعظم آفس میں پیش کرے۔ دریں اثناء کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت پر بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سلامتی کونسل کشمیری عوام سے اپنا وعدہ پورا کرنے میں ناکام ہے، 9 لاکھ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا ہے۔ 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں خوف کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 5 جنوری جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے عزم کا دن ہے 1949 میں آج ہی کے روز اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر کے حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے اقوام متحدہ نے آزاد اور غیرجانبدارانہ حق خودارادیت کیلئے عزم کا اظہار کیا تھا۔ آج کا دن عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اپنے وعدوں کی یاددہانی کراتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن