پاکستان اقلیتوں کیلئے جنت، بھارت منفی پراپیگنڈا کررہا ہے: سکھ یاتری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سکھ مذہب کے دسویں گرو،گرو گوبند سنگھ جی کے جنم دن کی تین روز ہ تقریبات گردوارہ کرتارپور صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں۔ آخری روز تقریب میں صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری متروکہ وقف املاک طارق وزیر، عمران گوندل، بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی اور کرتار پور کے رابطہ آفیسر نور اسلم خان کے علاوہ پاکستان سے گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ جنرل سیکرٹری امیر سنگھ، پنجابی سکھ سنگت کے چیئرمین سردار گوپال سنگھ چاولہ رامیش سنگھ اروڑا اور سردار فتح جیت سنگھ، سمیت بھارت اور پاکستان سے آئے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سکھ یاتریوں نے مذہبی رسومات ادا کرتے ہوئے نگر کیرتن کا جلوس بھی نکالا۔ اس موقع پر پاکستان کی ترقی اور خطے میں قیام امن کے لیے خصوصی طور پر دعائیں بھی کی گئیں۔ مذہبی تقریبات ادا کرنے کے بعد سکھ یاتریوں نے وزیر اعظم پاکستان کے اس بہترین اقدام پر شکریہ بھی ادا کیا۔سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے کسی جنت سے کم نہیں جب کہ بھارت میں پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ صوبائی وزیر پیر سعید الحسن شاہ نے کہا کہ سکھ، مسلم دوستی کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے۔ کرتارپور راہداری امن اور محبت کی راہداری ہے۔ تقریب کے اختتام پر پر بھارتی سکھ یاتریوں نے پاکستان زندہ باد اور وزیراعظم عمران خان زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔