کینیا: امریکی بیس پر حملہ، ایک فوجی، 2 جاسوس ہلاک
نیروبی (این این آئی + آئی این پی) عراقی دارالحکومت بغداد کے بعدکینیا میں بھی امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کا تبادلہ دیر تک جاری رہا۔ ایک امریکی فوجی اور دو جاسوس ہلاک،متعدد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کینیا کے ساحلی شہر لامو میں فوجی اڈے پر حملہ ہوا اور فائرنگ کی گئی۔ شدت پسند تنظیم اشباب نے حملے کی ذمے داری قبول کر لی تاہم اس حملے کے بعد ایران امریکہ کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا جا سکتا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ اس حملے کو ایرانی جنرل کی ہلاکت کاردعمل بھی قرار دے سکتی ہے۔ کینیا کے ساحلی شہر لامو میں فوجی بیس میں امریکہ اور کینیا کے اہلکار موجود تھے۔