• news

بھٹوکی سالگرہ‘ ملک بھر میں تقریبات‘ تاریخ اپنا فیصلہ شہید کے حق میں سنا چکی: بلاول

لاہور‘ پشاور‘ ننکانہ صاحب‘ شیخوپورہ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار خصوصی) لاہور سمیت ملک بھر میں شہید ذوالفقار علی بھٹوکی سالگرہ منائی گئی۔ جیالوں نے کئی شہروں میں بھنگڑے ڈالے‘ کیک کاٹے‘ مٹھائی تقسیم کی گئی۔ کئی تقریبات منعقد ہوئیں۔ مقررین نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی جان تو دیدی مگر غریب عوام کیخلاف کسی قسم کی سودے بازی نہ کی۔ پشاور تقریب میں اس وقت بدنظمی پیدا ہوگئی جب کارکن کیک پر ٹوٹ پڑے اور ایک دورسے سے گتھم گتھا ہوگئے۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے عہدیدار اورکارکن شریک تھے۔ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم انکی 92ویں سالگرہ کی تقریب میلاد چوک گول چکر ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی جس میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، تقریب میںپیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سید ابرار حسین شاہ ، مہر شکیل الرحمن، چوہدری افضل حق خاں، چاچا محمد اسلم عرف چاچا بھٹو اور سعید اختر سمیت دیگر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوںنے شرکت کی اس موقع پر مقررین نے خطاب بھی کیا۔شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت اور نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی سابق وزیر اعظم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی92ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقاریب کا دو مقامات پر انعقاد کیا گیا۔ پہلی تقریب پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میںمنعقد ہوئی جس کی صدارت صوبائی سینئر نائب صدر چوہدری محمد اسلم گل نے کی اور ڈویژنل جنرل سیکرٹری حاجی فلک شیر ایڈووکیٹ، ضلعی صدر ملک جاوید اکبر ڈوگر، سینئر نائب صدر چوہدری خالق عزیز ورک، ضلعی نائب صدر چوہدری منیر قمر واہگہ، میاں ارمغان خالد، تنویر شاہ، کاشف گیلانی، ملک صدیف اکبر کھوکھر، محمد اشرف منہاس، فیصل بشیر ولانہ، فہیم مرزا،محمد اسلم بھٹی، ڈاکٹر قیصر امین، رانا شہزاد، اشفاق انجم، رانا بشیر اور افضل جٹ سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دوسری تقریب سٹی صدر سید ندیم عباس کاظمی کے طرف سے سٹی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت سابق سینئر صوبائی وزیر ملک مشتاق احمد اعوان نے کی، تقریب میں سید ندیم عباس کاظمی، سیٹھ غلام رسول، محمد آصف خان، رضا خان جمالی، میاں عدنان سعید، محمد ارشد، سید شفقت مشتاق شاہ، سید عضب بخاری، میاں عمران سعید، ریاض گادی، ارشد نیازی، حاجی سیٹھ محمد یٰسین کرمانوالہ، سجاد لاڈہ، چوہدری میاں ریاض، رانا عدنان و دیگر رہنمائوں جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، دونوں مقامات پر سالگرہ کا کیک کاٹنے سمیت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری، سیاسی، پارٹی وعوامی اور ملکی و ملی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ اپنا فیصلہ شہید بھٹو کے حق میں سنا چکی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 92ویں سالگرہ پراپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو کی میراث ان کا نام یا شخصیت نہیں بلکہ ان کا بائیں بازو کا نظریہ تھا۔ جنہوں نے اختیارات عوام کو منتقل کرنے والی تحریک کی قیادت کی۔ شہید بھٹو قائداعظم کے بعد واحد رہنما تھے جنہوں نے عوام کو طاقتور بنانے کی جدوجہد کی۔ بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستانیوں کے حقوق و تمام آزادیوں کی محافظ کا کردار نبھاتی رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن