• news

اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا، چند عاقبت نا اندیش تبدیلی سے خوفزدہ ہیں: عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہی حقیقی انقلاب ہے۔ صحت، تعلیم، زراعت اور سماجی شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے بہتری لائی جا رہی ہے۔ پسماندہ اور دور درازعلاقوں کے عوام کی حالت بدلنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ چند عاقبت نا اندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں۔ فرسودہ اور بوسیدہ نظام سے عوام کو کچھ نہیں ملا۔ نئے پاکستان میں کرپشن کی گنجائش ہے نہ کرپٹ عناصر کی۔ وزیراعظم کی قیادت میں ایسا پاکستان بنے گا جہاں عام آدمی کو تمام سہولیات میسر آئیں گی۔ تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔ عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے اوراب عوام پر ہی صرف ہو رہا ہے۔ ملک کو مقروض بنانے والے کس منہ سے رہنمائی کادعویٰ کرسکتے ہیں۔ عوام کو دھوکہ نہیں دیں گے اور نہ ہی شو بازیاں کریں گے۔ تنقید کی کوئی پروانہیں، صرف عوام کی رائے کو اہمیت دیتا ہوں۔ ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے۔ میرٹ کی حکمرانی تحریک انصاف کی حکومت کا طرئہ امتیازہے۔ اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا، عوام کو پٹے ہوئے مہروں سے کوئی دلچسپی نہیں۔ سابق ادوار میں کرپشن کا دور دورہ تھا۔ گزشتہ دس برس کے دوران ریکار ڈ قرضے لے کر ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کئے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو درست سمت میں لے کر جا رہی ہے۔ ہمارا ہر قدم وطن عزیز کی بہتری کیلئے اٹھ رہا ہے۔ تحریک انصاف نے کبھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی اور نہ کبھی آئندہ کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی سیاسی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔ تبدیلی سے خوفزدہ عناصر حکومت کے خلاف بے سود پراپیگنڈہ کر رہے ہیں اور ایسے عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ دریں اثناء وزیر اعلی نے سینئر صحافی امتیاز عالم کے گھر ڈکیتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ میں ملوث ملزموں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے تونسہ کے علاقے بستی میرانی اور بستی سوکڑمیں 2 مختلف واقعات میں دو خواتین کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی اور قتل کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ خواتین کے قتل میں ملوث ملزمان قانون کے تحت سخت سزا کے مستحق ہیں۔ وزیر اعلی نے صاحب فراش معروف کالم نگار، شاعراور دانشور ڈاکٹر اجمل نیازی کو گلدستہ بھجوایا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ڈاکٹر اجمل نیازی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈاکٹر اجمل نیازی صاحب طرزکالم نویس ہیں اور میںان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن