• news

عراقی پارلیمنٹ میں امریکی فوج کے انخلا کی قرار داد منظور

بغداد (نوائے وقت رپورٹ) عراقی وزیراعظم نے اپنے ملک سے امریکی فوج کے انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دونوں ملکوں کے مفاد میں ہوگا۔ عراقی پارلیمنٹ سے اہم خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے انکشاف کیا کہ ایرانی جنرل سلیمانی سعودی عرب کے لیے اہم پیغام لے کر آئے تھے، جس دن انھیں قتل کیا گیا، ان سے میری ملاقات شیڈول تھی۔ عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے مطالبہ کیا کہ امریکی افواج کو عراق سے نکالنے کے لیے پارلیمنٹ کو ٹھوس اقدامات کرنا چاہیں۔ جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی کا قتل ایک سیاسی قتل تھا۔ اس قتل سے عراق، امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے حق سے محروم ہو چکا ہے۔ اس وقت عراق میں امریکہ کے 5 ہزار فوجی موجود ہیں۔عراقی پارلیمنٹ میں امریکی اتحادی فوج کی معاونت کیخلاف قرارداد منظورکر لی گئی۔ دریں اثناء برطانوی میڈیا کے مطابق عراق میں متعین امریکی سفیر کو جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کے امریکی حملہ میں جاں بحق ہونے پر طلب کرلیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن