• news

انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائونگا: محمد شہزاد

لاہور(سپورٹس رپورٹر) نوجوان آل راؤنڈر محمد شہزاد کا آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم۔ محمد شہزاد کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کیلئے قومی سکواڈ میں شمولیت پر بہت خوش ہیں، انہیں امید ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی موجودگی سے کھلاڑیوں کوبہت سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ کوچنگ سٹاف کیساتھ مل کر ٹیمپرامنٹ میں بہتری پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ محمد شہزاد کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے تاہم وہ ایک نامور کرکٹر بننے کا خواب سجائے2017 میں لاہور آگئے تھے۔ والد کی وفات کے بعد 5 بھائیوں اور والدہ کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے والے محمد شہزاد، کرکٹ کو اپنا اوڑھنا بچھونا سمجھتے ہیں۔ لاہور میں سکونت اختیار کی۔ محمد شہزاد کو گذشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا۔ انہوں نے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ گذشتہ سال بنگلہ دیش انڈر 16 ٹیم کیخلاف 2 ایک روزہ میچوں میں 72 اور 2 تین روزہ میچوں میں 126 رنز کی بدولت محمد شہزاد کو آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کیلئے قومی انڈر 19 سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن