• news

کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، معدنیات عوامی ترقی پر استعمال کرینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے صدر میر بہروز بلوچ کی قیادت میں چاروں صوبوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے کہاکہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی معدنیات کے خزانے زمین میں چھپے ہوئے ہیں اور صوبے کے معدنیات کے شعبہ میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے زمین میں چھپے خزانے بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے۔ معدنیات کو زمین سے نکال کرعوام کی معاشی ترقی کے لئے استعمال کریں گے اور اس اقدام سے نہ صرف انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ صوبے میں معدنیات کے شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ شعبہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ مقامی کوئلے کی کھپت کیلئے ماحولیاتی اثرات کو بھی دیکھنا ضروری ہے۔ سموگ اور آلودگی کا مسئلہ بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ہم نے سموگ اور آلودگی پر قابو پانے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اینٹوں کے بھٹوں کے حوالے سے آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کی جانب سے متبادل ماڈل کا جائزہ لیا جائے گا۔ کانوں کی لیز کے حوالے سے یکساں پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ہم صوبے میں کاروبار کے لئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ مائننگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ محکمہ معدنیات، محکمہ ماحولیات، محکمہ صنعت اور محکمہ جنگلات کے حکام پر مشتمل کمیٹی مائننگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی اورقابل عمل سفارشات پر فیصلے کرکے آگے کی جانب بڑھیں گے۔ آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ کو مائننگ انڈسٹری کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کیمپ جیل لاہور میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخل سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے آج 7 جنوری کو صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔ عثمان بزدار نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار سے صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور تحریک انصاف کے عہدیداران نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خلوص نیت اور محنت کے ساتھ عوا م کی خدمت کر رہے ہیں ۔ گزشتہ 30برس کے دوران آنے والی حکومتوں نے مسائل کے انبار لگائے۔ عوام کی بنیادی ضرورتیں حل کرنے کے معاملے میں پہلو تہی کی گئی۔ پنجاب میں کفایت شعاری اور بچت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ صوبے کے عوام کے مفاد میں جو کچھ بن پڑا وہ کر گزریں گے اور عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن