سعودی عرب، 7 افریقی ممالک کا نیا اتحاد قائم: خطے میں کشیدگی روکنے کیلئے کوشاں ہیں: وزیر خارجہ شہزادہ فیصل
ریاض (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب کی زیرقیادت عرب اور افریقی ممالک کا نیا اتحاد قائم کر دیا گیا۔ اتحاد میں مصر‘ اردن‘ سوڈان‘ اریٹریا ‘ یمن‘ صومالیہ اور جبوتی شامل ہیں۔ نئے اتحاد کو بحیرہ احمر اور خلیج عدن کونسل کا نام دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے ساحلی ممالک کے وزراء خارجہ کا اجلاس ہوا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے کہا کہ خواہش ہے خطے میں ماحول ٹھنڈا ہو‘ کشیدگی نہ بڑھے۔ فریقین اشتعال انگیزی سے بچیں۔ کشیدگی روکنے کی تدابیر کریں۔ ہمیں خلیج‘ بحیرہ احمر میں امن و امان کی حفاظت کرنا ہے۔ سعودی عرب خطے میں کسی بھی طرح کی کشیدگی روکنے کیلئے کوشاں ہے۔