والد کی شہادت سے امریکہ، اسرائیل کے بُرے دن شروع: سلیمانی کی بیٹی کا جذباتی خطاب
تہران (نوائے وقت رپورٹ) عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی ہے، اس نماز جنازہ میں آیت اللہ خامنہ ای نے بھی شرکت کی۔ جبکہ نماز جنازہ کے دوران مرحوم کی بیٹی نے جذباتی خطاب کیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قاسم سلیمانی کے جنازے کے موقع پر لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی بیٹی زینب سلیمانی کا کہنا تھا کہ جنونی ٹرمپ یہ نہ سمجھے کہ میرے والد کی شہادت سے سب ختم ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے والد کی موت سے امریکہ اور اسرائیل کے تاریک دن شروع ہو گئے، ڈونلڈ ٹرمپ احمق اور بے وقوف ہے جو صہیونیوں کا کھلونا ہے، امریکیوں کا وحشیانہ حملہ انکی مجرمانہ فطرت کا عکاس ہے۔