سابق عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار وینس ولیمز برسبین انٹرنیشنل سے باہر
نیویارک (سپورٹس ڈیسک) امریکہ کی نامور ٹینس سٹار، سابق عالمی نمبر ایک اور سرینا ولیمز کی بڑی بہن وینس ولیمز رواں ماہ پہلے گرینڈ سلام سے قبل برسبین انٹرنیشنل اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئیں ہیں۔ وینس ولیمز تربیتی سیشن کے دوران بعض پیدا ہوجانے والے مسائل کے باعث رواں سیزن کے افتتاحی برسبین انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں ہیں۔ 39 سالہ وینس نے 2008ء میں آخری گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس اپنے نام کیا تھا جو انکا ساتواں گرینڈ سلام تھا۔ وینس نے کہا ہے کہ وہ 20 جنوری سے شروع ہونے والے سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن سے قبل ایڈیلیڈ اوپن میں شرکت کرینگی جو 12 جنوری سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔ برسبین اوپن میں انکی متبادل کے طور پر شرکت کرنے والی کھلاڑی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ برسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 6 جنوری سے برسبین میں شروع ہوگا۔