• news

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو تیسرا ٹیسٹ بھی ہرادیا‘سیریز میں کلین سویپ

سڈنی (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سڈنی ٹیسٹ میچ میں 279 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی، میچ کے چوتھے روز ڈیوڈ وارنر کی ناقابل شکست سنچری اور مارنس لبوشین کی ناقابل شکست نصف سنچری کے باعث کینگروز نے اپنی دوسری اننگز 217 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر کے کیویز کو میچ میں کامیابی کے لئے 416 رنز کا ہدف دیا۔ آسٹریلوی ٹیم کے بلے بازوں کے بعد بائولرز نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انکے سامنے کیویز ٹیم دوسری اننگز میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتی چلی گئی، اس کے پانچ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے، 416 رنز ہدف کے تعاقب میں پوری کیوی ٹیم 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کولن ڈی گرینڈ ہوم 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آسٹریلیا کے نیتھن لیون نے 5 جبکہ مچل سٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مارنس لبوشین کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید بہتر بنا لی۔ پیر کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 40 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو ڈیوڈ وارنر 23 اور جو برنز 40 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، جو برنز اپنے گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر ٹوڈ ایسٹل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، ڈیوڈ وارنر نے ایک اینڈ پر اپنی عمدہ بلے بازی کے سلسلے کو جاری رکھا، انہوں نے مارنس لبوشین کے ساتھ ملکر دوسرے وکٹ پر 110 رنز کی شراکت داری قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنا دیا۔ اس دوران ڈیوڈ وارنر نے اپنی سنچری اور مارنس لبوشین نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ یہ ڈیوڈ وارنر کے ٹیسٹ کیریئر کی 24 ویں سنچری تھی جو انہوں نے مکمل کی۔ ڈیوڈ وارنر ناقابل شکست 111 اور مارنس لبوشین ناقابل شکست 59 پر کھیل رہے تھے کے اس موقع پر کینگروز ٹیم کے کپتان ٹم پین نے دوسری اننگز 415 رنز کے اضافہ کے ساتھ 217 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی اور کیویز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 416 رنز کا ہدف دیا۔

ای پیپر-دی نیشن