پاکستان ‘بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں:جاوید میانداد
اسلام آباد (اے پی پی)سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ وہ پاک۔بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں، پڑوسی ممالک کو باہمی سیریز کو انجام دینے کیلئے طریقہ کار کو ترتیب دینا چاہئے کیونکہ پاک۔بھارت کھیلوں کے بغیر دنیا کی کرکٹ نامکمل ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے پاک۔بھارت دوطرفہ سیریز کی ضرورت ہے، اس سیریز سے دونوں ممالک کو مالی مدد بھی ملے گی۔ سابق کپتان نے کہا کہ ایشین ممالک کے درمیان کرکٹ کے مقابلے ہونے چاہئیں، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا کو کرکٹ آپس میں مستقل بنیادوں پر کھیلنی چاہئے۔ جاوید میانداد نے بنگلہ دیش پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ شیڈول سیریز کھیلے کیونکہ پاکستان نے مشکل وقت میں بنگلہ دیش کا ساتھ دیا تھا، بنگلہ دیش ہمارا دوست ملک ہے اور دونوں ممالک کو آپس میں کرکٹ کھیلنی چاہئے۔ پاکستان میں سپر لیگ کے حوالہ سے ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر سپر لیگ کے تمام میچز کا ہونا خوش آئند ہے کیونکہ دنیا بھر کے نامور کھلاڑی اس لیگ میں شامل ہیں۔ جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے تمام میچز کا ہونا پی سی بی کی بڑی کامیابی ہے کیونکہ ہمارے کھلاڑیوں کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی سرزمین پر کھیلنے کا موقع ملے گا۔