• news

فخر الدین جی ابراہیم انتقال کر گئے، صدر، وزیراعظم، آرمی چیف، چیف جسٹس کا اظہار افسوس

کراچی‘ اسلام آباد‘ لاہور (نیوز رپورٹر‘ وقائع نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی‘ خبر نگار‘ نیوز رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت‘ خصوصی نامہ نگار) سابق چیف الیکشن کمشنر اور سابق اٹارنی جنرل جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کو کراچی میوہ شاہ میںواقع نور باغ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات، قانون دانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ فخرالدین جی ابراہیم ایک عرصے سے شدید علیل تھے اور منگل کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ فخرالدین جی ابراہیم 2فروری 1928 کو ہندوستان کے شہر گجرات میں ایک لوئر مڈل کلاس فیملی میں پیدا ہوئے اور 1952 میں برطانیہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ فخر الدین جی ابراہیم سپریم کورٹ کے جج رہنے کے ساتھ ساتھ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، گورنر سندھ، اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر قانون کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے تھے۔2013 کے عام انتخابات میں فخر الدین جی ابراہیم چیف الیکشن کمشنر تھے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس الیکشن پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس پر انہوں نے الیکشن کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ادھر وزیراعظم عمران خان‘ صدر عارف علوی‘ آرمی چیف اور چیف جسٹس پاکستان‘ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے فخرالدین جی ابراہیم کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، تحریک استقلال کے صدر رحمت خان وردگ و دیگر رہنمائوں نے فخرالدین جی ابراہیم کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس ( ر) فخرالدین جی ابراہیم نے قانون سازی میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔آج پاکستان ایک ماہر قانون دان سے محروم ہوگیا۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فخر الدین جی ابراہیم معروف قانون دان اور با اصول شخص کے مالک تھے۔ وزیر اعلی سندھ نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔ داؤدی بوہرہ جماعت نے اپنے تعزیتی بیان میں اپنی قد آور شخصیت جسٹس فخرالدین جی ابراہیم کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انکی ملکی اور عدالتی خدمات کو سراہا۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مرحوم پاکستانی عدلیہ کا معتبر نام تھے۔ انکی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند اور خاندان کو صبر و ہمت عطا فرمائے اور مرحوم کے درجات بلند کرے۔ چیف جسٹس آف پاکستان، مسٹر جسٹس گلزار احمد نے معروف قانون دان اور سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ سپریم کورٹ کے دیگر ججز نے بھی جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری‘ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد‘ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ‘ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ امیر جماعت اسلامی سراج الحق‘ امیر العظیم‘ لیاقت بلوچ‘ فرید پراچہ‘ قیصر شریف‘ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن