ایران کے ساتھ کشیدگی میں کمی کیلئے عمران خان نے بھی سفارتکاری کی: امریکہ
واشنگٹن(این این اائی)امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے ان رہنماؤں میں سے ایک ہیں جو ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے آف ریمپ ڈپلومیسی میں مصروف عمل نظر آئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق موجودہ امریکا،ایران تنازع پر بریفنگ کے دوران عہدیدار نے کہا کہ آف ریمپ یہاں 3 سال سے ہے اور یہ صرف ہم نہیں ایرانی بھی اس کی پیشکش کرتے رہے ہیں۔عہدیدار نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون، جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور عمان کے سلطان دنیا کے تمام حصوں سے ان تمام ممالک نے ایران میں حکومت سے رابطہ کیا ہے۔سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ عالمی رہنما ایران کے سپریم لیڈر کو بہتر فیصلے لینے پر آمادہ کرنے میں ناکام ہوگئے تھے جس کی وجہ سے امریکا معاشی پابندیوں اور جنرل سلیمانی کے قتل جیسے اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوا۔امریکی عہدیدار نے الزام عائد کیا کہ امریکا سے تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری پر توجہ دینے کے بجائے ایرانی رہنمامعاشی اور سیاسی بحران اور قدس فورس کے سربراہ کی موت سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔