• news

پارک لین ریفرنس، زرداری، فریال تالپور پر 22 جنوری کو فرد جرم، تمام ملزم طلب

اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر 22 جنوری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملزموں کو طلب کر لیا ہے۔ احتساب عدالت میں جعلی اکائونٹس کیس میں پارک لین اور منی لانڈرنگ ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔ زرداری عدالت میں پیش نہ ہو سکے، ان کی جانب سے ایک دن کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔ فریال تالپور سمیت دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ریفرنس میں شامل ملزموں کو نوٹس جاری کر دیا، جن میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، نمر مجید، یونس قدوائی سمیت دیگر افراد بھی شامل ہیں۔ عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے کیس زین ملک کا معاملہ کہاں تک پہنچا؟ جس پر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ زین ملک کا کیس مجاز اتھارٹی کے پاس زیر التوا ہے، تاہم آئندہ سماعت تک مذکورہ معاملہ کلیئر کر دیں گے۔ تفتیشی افسر نے کہا ضمنی ریفرنس میں 9 نئے ملزم بھی شامل کئے گئے ہیں۔ نام فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ بعدازاں عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر زین ملک سے متعلق پیش رفت رپورٹ سے آگاہ کیا جائے۔ دریں اثناء عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ضمنی ریفرنس میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، زین ملک، نمر مجید اور یونس قدوائی سمیت دیگر ملزمان کو نوٹس جاری کر دیے۔ یاد رہے گزشتہ سماعت پر نیب کی جانب سے تمام ملزموں پر فرد جرم کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن